ریاض پر حوثیوں کا بیلسٹک میزائل حملہ ناکام، سعودی دفاع نے میزائل فضا میں تباہ کر دیا

ریاض(ویب ڈیسک) سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے سعودی دارالحکومت ریاض کی طرف داغا گیا بیلسٹک میزائل سعودی فضائی دفاعی نظام نے فضا میں ہی روک کر تباہ کر دیا۔

سعودی اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق حوثیوں نے ریاض کے علاوہ بیش، طائف، فرسان اور ینبع میں شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم سعودی فضائی دفاع نے تمام حملے ناکام بنا دیے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ریاض میں حملے کے دوران دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں جبکہ کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب دھوئیں کے بادل بھی دیکھے گئے۔ حکام کے مطابق واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

دوسری جانب حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے دعویٰ کیا کہ گروپ نے ریاض میں حساس مقامات اور ینبع میں سعودی آئل کمپنی آرامکو کی تنصیبات کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا۔ تاہم ان دعوؤں کے حق میں مزید تفصیلات یا شواہد پیش نہیں کیے گئے۔

حالیہ واقعے کے بعد سعودی عرب میں شہریوں اور اہم تنصیبات کے تحفظ کے لیے فضائی دفاع کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ خطے میں سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔

مزید خبریں

Back to top button