جنوبی خیبر پختونخوا کے علاقوں کو الگ صوبہ بنانے کا مطالبہ سامنے آگیا

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) جنوبی خیبر پختونخوا میں بھی نئے صوبے کے قیام کی حمایت سامنے آگئی، شہریوں نے ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور جنوبی وزیرستان پر مشتمل الگ صوبہ بنانے کا مطالبہ کردیا۔
ملک بھر میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام سے متعلق جاری بحث کے دوران جنوبی خیبر پختونخوا کے شہریوں نے بھی اپنے علاقے کے لیے الگ انتظامی حیثیت کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور جنوبی وزیرستان کو الگ صوبے کا درجہ دینے سے تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات مقامی سطح پر بہتر انداز میں فراہم کی جاسکیں گی، جس سے عوام کو درپیش مشکلات میں کمی آئے گی۔
ان کا مؤقف ہے کہ بڑے صوبے میں ایک ہی وزیراعلیٰ کے لیے تمام علاقوں کے انتظامی معاملات پر مؤثر نظر رکھنا مشکل ہوتا ہے، اس لیے نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے حکومتی امور کو زیادہ مؤثر انداز میں چلانے میں مدد مل سکتی ہے۔
شہریوں کے مطابق الگ انتظامی یونٹ قائم ہونے سے علاقے کے سیکیورٹی مسائل پر بھی زیادہ توجہ دی جاسکے گی اور مقامی سطح پر مسائل کے حل کے لیے انتظامی نظام کو مزید مؤثر بنایا جاسکتا ہے۔
نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کا معاملہ ملک میں جاری سیاسی و انتظامی بحث کا اہم موضوع بنا ہوا ہے، جس پر مختلف حلقے اپنے اپنے مؤقف کا اظہار کر رہے ہیں۔



