قلات کے قریب سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 5 دہشتگرد ہلاک، 23 مغوی بازیاب


راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) سکیورٹی فورسز نے قلات کے قریب این-25 پر کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کی عوامی آمدورفت میں خلل ڈالنے کی کوشش ناکام بنا دی، کارروائی کے دوران 5 دہشتگرد ہلاک جبکہ 23 مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں نے اغوا، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے کی غرض سے چیک پوسٹ قائم کر رکھی تھی۔ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا اور 5 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے بعد دہشتگردوں کے قبضے سے 6 ٹرک، 3 بسیں اور 2 کاریں برآمد کرلی گئیں، جبکہ بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی قبضے میں لے لیا گیا۔
سکیورٹی فورسز نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری رکھا ہوا ہے تاکہ دہشتگردی کے ممکنہ خطرات کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔