کوہاٹ پولیس لائنز حملہ: کلیئرنس آپریشن مکمل، 8 دہشتگرد ہلاک

کوہاٹ (جانوڈاٹ پی کے) کوہاٹ پولیس لائنز پر خودکش حملے کے بعد گزشتہ روز سے جاری کلیئرنس آپریشن مکمل کرلیا گیا، سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران تمام دہشتگردوں کو ہلاک کرکے اہم عمارات کلیئر کرلیں۔

پولیس کے مطابق اسپیشل برانچ کی عمارت میں داخل ہونے والے دہشتگرد بھی کارروائی کے دوران مارے گئے۔ کلیئرنس آپریشن میں ایلیٹ فورس کمانڈوز، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور سکیورٹی فورسز نے حصہ لیا۔

آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کے مطابق پولیس اور سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں مجموعی طور پر 8 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ خودکش حملہ آور قانون کے رکھوالوں کو نشانہ بنانے کی کوشش میں ناکام رہا۔

حکام کے مطابق سی ٹی ڈی کے ایڈیشنل آئی جی نے آپریشن کی خود نگرانی کی۔ گزشتہ شب دہشتگردوں کی جانب سے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی پر دستی بم سے حملہ بھی کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں ان کے بازو پر زخم آیا۔ طبی امداد کے بعد انہوں نے دوبارہ آپریشن کی نگرانی شروع کردی۔

آئی جی خیبرپختونخوا نے بتایا کہ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، آر پی او اور ڈی پی او نے کلیئرنس آپریشن کی قیادت کی، جبکہ جی او سی کوہاٹ بھی جائے وقوعہ پر موجود رہے۔ آئی جی ذوالفقار حمید خود بھی موقع پر موجود رہے اور کارروائی کی نگرانی کرتے رہے۔

پولیس لائنز پر خودکش حملے اور فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں شہید ہونے والے افراد کی تعداد 23 ہوگئی ہے، جن میں ایس پی، ڈی ایس پی اور انسپکٹر سمیت متعدد پولیس اہلکار شامل ہیں۔

آئی جی خیبرپختونخوا نے کلیئرنس آپریشن میں حصہ لینے والے جوانوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لیے انعامات کا بھی اعلان کیا۔

مزید خبریں

Back to top button