بلوچ آباد میں محکمہ جنگلات کی کارروائی، لکڑی سے بھری گاڑیوں پر جرمانے؛ مین تھر کول روڈ بلاک

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) تھرپارکر کے علاقے بلوچ آباد میں محکمہ جنگلات کی کارروائی کے بعد لکڑی سے بھری گاڑیوں کے ڈرائیوروں نے احتجاج کرتے ہوئے مین تھر کول روڈ بلاک کردیا، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ذرائع کے مطابق محکمہ جنگلات تھرپارکر کی جانب سے بلوچ آباد میں لکڑی سے بھری تقریباً 8 گاڑیوں کو روک کر چیکنگ کی گئی۔ کارروائی کے دوران مبینہ خلاف ورزیوں پر گاڑیوں کے ڈرائیوروں پر جرمانے بھی عائد کیے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی محکمہ جنگلات تھرپارکر کے انچارج عبدالقدوس کی نگرانی میں کی گئی، جہاں محکمہ کے اہلکاروں نے لکڑی سے لدی گاڑیوں کو روک کر دستاویزات اور لکڑی کی ترسیل سے متعلق معاملات کی جانچ پڑتال کی۔

کارروائی کے خلاف ڈرائیوروں بخش علی، اصغر اور دیگر نے احتجاج شروع کردیا اور اپنی گاڑیاں مین تھر کول روڈ پر کھڑی کردیں، جس کے نتیجے میں اہم شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوگئی۔

احتجاج کرنے والے ڈرائیوروں نے الزام عائد کیا کہ انہیں لکڑی کی ترسیل سے روکنے کے ساتھ ساتھ مبینہ طور پر بھتہ طلب کیا گیا۔ ڈرائیوروں کا کہنا تھا کہ دیوین کی لکڑی کی ترسیل پر کوئی پابندی عائد نہیں، اس کے باوجود انہیں روزگار سے محروم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ڈرائیوروں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور اگر لکڑی کی ترسیل قانونی ہے تو انہیں بلا رکاوٹ اپنا روزگار جاری رکھنے کی اجازت دی جائے۔

دوسری جانب محکمہ جنگلات کی جانب سے ڈرائیوروں کے بھتہ طلب کرنے سمیت دیگر الزامات پر تاحال کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔ محکمہ جنگلات کا موقف سامنے آنے کے بعد معاملے کی مزید صورت حال واضح ہوسکے گی۔

مزید خبریں

Back to top button