مہنگے پیٹرول نے ٹرانسپورٹ کا پہیہ بھی گھما دیا، کرائے 7 فیصد بڑھ گئے

کراچی(جانو ڈاٹ پی کے): پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے اثرات سامنے آنا شروع ہوگئے، آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں7فیصد اضافے کا اعلان کردیا۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے ویڈیو پیغام میں وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ7روز کے دوران ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 26 روپے 88 پیسے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 20 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔
ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی ایندھن کی قیمتوں کے باعث ٹرانسپورٹرز کے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے پیش نظر گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 7 فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی اور مسلسل اضافے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت روزانہ قیمتوں میں تبدیلی کا فیصلہ فوری واپس لے۔
صدر گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ٹرانسپورٹ شعبے کے لیے ناقابل قبول ہے، حکومت کو اس معاملے پر فوری اقدامات کرنے چاہییں۔



