پنجاب نے کسی کا حق نہیں کھایا، اپنے حصے سے دوسروں کو دیا، وزیراعلیٰ مریم نواز

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب پر دوسروں کا حق کھانے کا الزام درست نہیں، پنجاب نے کسی کا حق نہیں کھایا بلکہ اپنے حصے سے دوسروں کو دیتا رہا ہے۔

ملتان میں الیکٹرک بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ان پر ہونے والی تنقید دراصل پنجاب کی ترقی پر تنقید ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض لوگوں کو 9 ارب روپے کے سرکاری جہاز پر اعتراض ہے، تاہم یہ طیارہ ان کی ذاتی ملکیت نہیں بلکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے سرکاری استعمال کے لیے ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سیلاب کے دوران وہ متاثرین تک کشتیوں کے ذریعے بھی پہنچیں، ہر وزیراعلیٰ کو سرکاری طیارے کی سہولت حاصل ہوتی ہے لیکن تنقید صرف ان پر کی جاتی ہے۔ ان کے بقول اعتراض جہاز پر نہیں بلکہ مریم نواز کے کاموں پر ہے۔

مریم نواز نے بتایا کہ ان کی صاحبزادی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے سرکاری جہاز استعمال کرنے پر انہوں نے تقریباً پونے 3 کروڑ روپے اپنی جیب سے ادا کیے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا سے چند افراد پنجاب پر حملہ کرنے لاہور آئے، جبکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا زبردستی پولیس کی گاڑی میں بیٹھ کر تماشا لگانے کی کوشش کرتے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا سے آنے والوں کا لاہور کا دورہ ناکام رہا۔

الیکٹرک بس سروس کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ سروس کا عام کرایہ 20 روپے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ خواتین، طلبہ و طالبات، معذور افراد اور 60 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کے لیے سفر مکمل طور پر مفت ہوگا۔

مریم نواز نے کہا کہ گرین بس سروس کو پنجاب کی آخری حد تک پھیلایا جا رہا ہے تاکہ صوبے کے عوام کو جدید، محفوظ اور کم خرچ سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ملتان کے تمام روٹس پر گرین الیکٹروبسیں چلائی جائیں گی، جبکہ خصوصی افراد کے لیے وہیل چیئر اور ریمپ کی سہولت بھی موجود ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ گرین بسوں میں خواتین کے تحفظ کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ پنجاب میں رہنے والا ہر شخص ان کی ذمہ داری ہے اور ان کی حکومت میں کسی شہری کو بس کی چھت پر سفر نہیں کرنا پڑے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے صحت کے شعبے میں اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے میو اسپتال میں جدید کینسر مشین چین سے لائی گئی تھی، جبکہ دوسری مشین کا ملتان میں افتتاح کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق اس مشین کے ذریعے دو خواتین کا علاج کیا گیا اور تقریباً 45 منٹ میں ان کا علاج مکمل ہوا۔

مزید خبریں

Back to top button