تھرپارکر میں انسدادِ پولیو مہم کا آغاز، 3 لاکھ 20 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے)ضلع تھرپارکر میں 21 ستمبر سے شروع ہونے والی انسدادِ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے سول اسپتال مٹھی سے آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔
آگاہی واک کی قیادت ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ نوید الرحمن لاڑک نے کی، جو تھرپارکر کے اضافی ڈپٹی کمشنر کی ذمہ داریاں بھی انجام دے رہے ہیں۔ واک میں محکمہ صحت کے افسران، پی پی ایچ آئی، ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔
شرکاء نے ہاتھوں میں پولیو کے خلاف آگاہی پر مبنی پلے کارڈز اور پمفلٹس اٹھا رکھے تھے، جن پر "پولیو کے خلاف جہاد”، "پولیو کا خاتمہ ضروری ہے” اور "پولیو سے بچاؤ کے دو قطرے، بچے کا مستقبل ہمیشہ کے لیے محفوظ” جیسے نعرے درج تھے۔
واک کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نوید الرحمن لاڑک اور دیگر مقررین نے کہا کہ پولیو کو معمولی بیماری سمجھنا سنگین غلطی ہے، کیونکہ یہ مرض بچوں کو مستقل معذوری کا شکار بنا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو سے بچاؤ کا مؤثر ذریعہ بچوں کو حفاظتی قطرے پلانا ہے، اس لیے والدین اور شہریوں کو چاہیے کہ وہ پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نوید الرحمن لاڑک، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی اور دیگر افسران نے سول اسپتال مٹھی میں بچوں کو انسدادِ پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا۔
بعد ازاں ڈی سی آفس مٹھی میں ڈپٹی کمشنر نوید الرحمن لاڑک کی زیر صدارت انسدادِ پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں محکمہ صحت کے پولیو فوکل پرسن و ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر بھارت کمار سونی نے بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ تھرپارکر میں انسدادِ پولیو مہم 21 سے 24 ستمبر 2026 تک جاری رہے گی، جس کے دوران ضلع بھر میں 3 لاکھ 20 ہزار 860 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق مہم کے لیے مجموعی طور پر 1384 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں 1248 موبائل، 72 فکسڈ اور داخلی و خارجی راستوں پر 64 ٹیمیں تعینات ہوں گی، جبکہ مہم کی نگرانی کے لیے 289 ایریا انچارجز مقرر کیے گئے ہیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ انسدادِ پولیو مہم کے لیے تیاریاں پہلے ہی مکمل کرلی گئی ہیں اور متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے مہم کے مؤثر انعقاد کی کوششیں جاری ہیں۔ اجلاس میں محکمہ صحت، پی پی ایچ آئی، پولیس، تعلیم، سماجی بہبود سمیت دیگر سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی۔



