جمائما گولڈ اسمتھ کی دوسری شادی، شادی کی تصاویر منظرِ عام پر آگئیں

لندن (جانو ڈاٹ پی کے) سابق وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے دوسری شادی کرلی، جس کی تصاویر انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کردی ہیں۔
جمائما گولڈ اسمتھ کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں ان کے دونوں بیٹے قاسم خان اور سلیمان خان سمیت قریبی دوست بھی شادی کی تقریب میں ان کے ہمراہ نظر آئے۔
رپورٹ کے مطابق 52 سالہ جمائما گولڈ اسمتھ نے 62 سالہ کیمرون او ریلی سے شادی کی۔ جمائما نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں شادی کی تاریخ 12 ستمبر 2026 درج کرتے ہوئے تقریب میں شریک افراد کا شکریہ ادا کیا۔
جمائما نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ ان دونوں کے لیے اس دن کو خاص اور خوشیوں بھرا بنانے والے تمام لوگوں کی وہ دل سے شکر گزار ہیں۔
جمائما کے شوہر کیمرون او ریلی آئرش نژاد آسٹریلوی ہیں اور آنجہانی میڈیا ٹائیکون اور بین الاقوامی رگبی اسٹار سر انتھونی او ریلی کے صاحبزادے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جمائما اور کیمرون کی ملاقات اس وقت ہوئی جب کیمرون متعدد ڈاکیومنٹریز اور فلموں میں ایگزیکٹو پروڈیوسر کے طور پر کام کر رہے تھے۔ دونوں کے درمیان ابتدا میں دوستی ہوئی جو بعد ازاں رومانوی تعلق میں تبدیل ہوگئی۔



