اوزون کا تحفظ نئی نسل کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے، مریم نواز

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اوزون کی تہہ کا تحفظ نئی نسل کے محفوظ اور صحت مند مستقبل کی ضمانت ہے، ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچاؤ کے لیے ماحول دوست اقدامات ناگزیر ہیں۔
اوزون کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ اوزون کی تہہ سورج کی خطرناک شعاعوں کے خلاف قدرتی حفاظتی ڈھال کا کردار ادا کرتی ہے، اس لیے اس کے تحفظ کے لیے اجتماعی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تحفظ صرف ہماری ذمہ داری نہیں بلکہ عبادت بھی ہے۔ پنجاب میں پہلی مرتبہ گرین فیوچر کے لیے جامع ماحولیاتی پالیسی نافذ کی گئی ہے اور حکومت کلین اینڈ گرین پنجاب کے وژن کو عملی شکل دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شجرکاری، سموگ کا خاتمہ اور گرین انرجی حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ پنجاب میں 50 ہزار ایکڑ اراضی پر شجرکاری کی گئی جبکہ 5 کروڑ درخت لگائے گئے ہیں۔
مریم نواز کے مطابق کلین انرجی ویژن کے تحت ہر ضلع اور تحصیل تک گرین الیکٹرو بس سروس کے اجرا پر کام کیا جا رہا ہے، جبکہ طلبہ، خواتین اور دیگر شہریوں کو الیکٹرک بائیکس کی فراہمی بھی جاری ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ گرین ٹیکسی کے ذریعے ماحول دوست ٹرانسپورٹ نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ ان کے بقول گزشتہ اڑھائی برس کے دوران ماحولیات کے تحفظ کے لیے اتنا کام کیا گیا جتنا کئی دہائیوں میں نہیں ہوسکا۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب سرسبز و شاداب مستقبل کی جانب بڑھ رہا ہے اور محفوظ ماحولیاتی مستقبل کے لیے جاری اقدامات کا سفر جاری رہے گا۔
انہوں نے عوام بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ماحول دوست طرزِ زندگی اختیار کریں اور اوزون سمیت مجموعی ماحولیاتی تحفظ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔



