ایشیاکپ ٹرافی لینے سے انکار پربھارت کا بڑا اعتراف، بی سی سی آئی نے محسن نقوی سے ٹرافی نہ لینے کی وجہ بتادی

نئی دہلی(جانو ڈاٹ پی کے) بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے ویمنز ایشیا کپ کی ٹرافی ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے وصول نہ کرنے کے معاملے پر وضاحت دے دی۔
راجیو شکلا کے مطابق بھارتی ویمنز کرکٹ ٹیم کا محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہ کرنے کا فیصلہ بی سی سی آئی کا متفقہ فیصلہ تھا، جس سے ایشین کرکٹ کونسل کو پہلے ہی آگاہ کردیا گیا تھا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس فیصلے پر محسن نقوی کی جانب سے بھی کوئی اعتراض نہیں کیا گیا، جبکہ بی سی سی آئی نے اس معاملے میں اپنی پوزیشن پہلے ہی واضح کردی تھی۔
راجیو شکلا نے بی سی سی آئی سیکریٹری دیوجیت سائیکیا اور محسن نقوی کے درمیان ہونے والی ملاقات کو معمول کی پیشہ ورانہ بات چیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر غیر ضروری تنقید سے گریز کرنا چاہیے۔
بھارتی بورڈ کے نائب صدر کے بیان کے بعد ایشیا کپ ٹرافی سے متعلق پیدا ہونے والے تنازع پر ایک مرتبہ پھر بحث شروع ہوگئی ہے، جبکہ دونوں ممالک کے کرکٹ تعلقات کے تناظر میں اس معاملے کو خاص اہمیت دی جارہی ہے۔



