سعودی اتحادی افواج کا حوثی حملوں کا بھرپور جواب دینے کا اعلان

صنعا(جانوڈاٹ پی کے)سعودی اتحادی افواج نے حوثیوں کے حملوں کا بھرپور جواب دینےکا اعلان کیا ہے۔
یمن میں سعودی اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ حوثیوں نے شہریوں اور شہری املاک کونشانہ بنایا ہے، اس سےحوثیوں کی انتہاپسندانہ سوچ اورکشیدگی میں اضافےکی پالیسی واضح ہوتی ہے۔
المالکی نے کہا کہ اتحادی افواج حملوں کا ذمہ داری اوربھرپور عزم کے ساتھ جواب دیں گی، حوثیوں کا مقابلہ کرنےکے لیے تمام ضروری عملی اور دفاعی اقدامات کیےجائیں گے۔
اس سے قبل سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کا کہنا تھا کہ کہ پیر کے روز حوثی فورسز کی جانب سے سعودی عرب پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے متعدد حملوں کے نتیجے میں 13 شہری زخمی ہوئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز یمنی حوثیوں نے سعودی عرب کے کنگ خالد ائیر بیس پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے حملہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔



