دنیا کے بہترین اسپورٹس شہر سامنے آگئے، نیویارک پہلے نمبر پر، پاکستان کا کوئی شہر فہرست میں شامل نہ ہوسکا

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے) دنیا کے 100 بہترین اسپورٹس شہروں کی 2026 کی عالمی رینکنگ جاری کردی گئی، جس میں امریکی شہر نیویارک نے پہلی پوزیشن حاصل کرلی جبکہ پیرس دوسرے اور لاس اینجلس تیسرے نمبر پر رہے۔
سوئس ادارے برسن کی جانب سے جاری کردہ 2026 اسپورٹس سٹیز رینکنگ میں دنیا بھر کے ان 100 شہروں کو شامل کیا گیا ہے جن کا کھیلوں سے مضبوط تعلق، عالمی کھیلوں کی میزبانی اور اسپورٹس کے شعبے میں نمایاں اثرورسوخ ہے۔
رینکنگ میں لندن چوتھے، میڈرڈ پانچویں، بارسلونا چھٹے، میلان ساتویں اور لوزان آٹھویں نمبر پر رہے، جبکہ مانچسٹر دسویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔
امریکی شہروں میں واشنگٹن 11ویں اور میامی 12ویں نمبر پر موجود ہیں، جبکہ جاپان کا ٹوکیو 16ویں، آسٹریلیا کا سڈنی 24ویں اور متحدہ عرب امارات کا دبئی 29ویں نمبر پر رہا۔
ایشیا کے دیگر بڑے شہروں میں ممبئی 51ویں، نئی دہلی 65ویں اور ریاض 68ویں نمبر پر موجود ہیں۔ جنوبی افریقہ کا کیپ ٹاؤن 85ویں، سعودی عرب کا جدہ 98ویں جبکہ جاپان کا ساپورو 99ویں نمبر پر رہا۔
پاکستان کا کوئی شہر جگہ نہ بنا سکا
دنیا کے 100 بہترین اسپورٹس شہروں کی فہرست میں پاکستان کا کوئی بھی شہر شامل نہیں ہوسکا، جس کے باعث ملک کے کھیلوں کے شعبے میں عالمی سطح پر موجودگی اور کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کے حوالے سے سوالات بھی اٹھ رہے ہیں۔
رینکنگ کی تیاری میں ماہرین، اسپورٹس میڈیا اور عالمی کھیلوں کے رہنماؤں کی آرا کو شامل کیا گیا، جبکہ سوشل میڈیا سرگرمیوں اور میڈیا کوریج کے تجزیے کو بھی جائزے کا حصہ بنایا گیا۔
رینکنگ میں شہروں کی کھیلوں سے وابستگی، عالمی سطح پر کھیلوں کے بڑے مقابلوں کی میزبانی، اسپورٹس انفرااسٹرکچر اور کھیلوں کے شعبے میں عالمی اثرورسوخ جیسے عوامل کو مدنظر رکھا گیا ہے۔
نیویارک کا سرفہرست آنا ایک بار پھر اس امر کو ظاہر کرتا ہے کہ عالمی کھیلوں کے بڑے مقابلوں، اسپورٹس کلچر اور عالمی میڈیا میں نمایاں موجودگی رکھنے والے شہر عالمی اسپورٹس نقشے پر سبقت لے جاتے ہیں۔



