ایران کو تکنیکی و معاشی مدد دینے والوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی، امریکا

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) امریکا نے ایران کو تکنیکی، معاشی اور مالی معاونت فراہم کرنے والے افراد اور اداروں کے خلاف کارروائی مزید تیز کرنے کا اعلان کر دیا۔
امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ ایرانی حکومت کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ان کے مطابق امریکا نے آپریشن ’’اکنامک آؤٹ کاسٹ‘‘ کے تحت روسی وی ٹی بی بینک پر بھی پابندیاں عائد کردی ہیں۔
سکاٹ بیسنٹ کا کہنا تھا کہ روسی بینک نے ایران کو امریکی اور بین الاقوامی معاشی پابندیوں سے بچنے میں مدد فراہم کی اور اسے مالی معاونت بھی دی۔
امریکی وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ تہران کو مالی معاونت فراہم کرنے والے عناصر کو نشانہ بنایا جائے گا، جبکہ واشنگٹن ایرانی حکومت کو مادی، تکنیکی یا مالی مدد دینے والے افراد اور اداروں کو ہدف بنا کر ان کی سرگرمیوں کو محدود کرتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ امریکی اقدام کا بنیادی مقصد ایران اور روس کے درمیان موجود مالیاتی نیٹ ورک کو توڑنا اور ایران پر عائد بین الاقوامی پابندیوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔



