عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا، برینٹ 108 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرگیا

لندن(ویب ڈیسک) مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سپلائی متاثر ہونے کے خدشات کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں پیر کو 2 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ برینٹ خام تیل کی قیمت 108 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی۔
برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودے 2.90 ڈالر یا 2.77 فیصد اضافے کے بعد 108.06 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئے، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت 2.27 ڈالر یا 2.27 فیصد بڑھ کر 103.30 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ کاروبار کے آغاز پر دونوں اقسام کے خام تیل کی قیمتوں میں 3 فیصد سے زائد اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا۔
تیل کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ سعودی عرب میں حوثی حملوں اور خلیج میں بحری جہازوں پر ایرانی حملوں کے بعد عالمی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات ہیں۔ سعودی سرکاری میڈیا نے جنوبی صوبے جازان میں حوثی حملے کے باعث گھروں اور ایک مسجد کو پہنچنے والے نقصان کی ویڈیو جاری کی، جبکہ حوثیوں نے ایک قریبی سعودی فوجی اڈے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔
دوسری جانب برطانوی میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے مطابق آبنائے ہرمز میں ایک بحری جہاز کو میزائل نما پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد جہاز میں آگ بھڑک اٹھی اور عملے کو اسے خالی کرنا پڑا۔ ایران نے بھی اپنے ساحل کے قریب ایک ایرانی تجارتی جہاز کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاع دی، جس میں ایک شخص ہلاک اور عملے کے چار ارکان زخمی ہوئے۔
خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کی ایک اہم وجہ سعودی عرب کی ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن کی بندش بھی ہے، جو جمعہ کو عراق سے ہونے والے ڈرون حملے کے بعد بند ہوئی۔ یہ پائپ لائن سعودی عرب کو آبنائے ہرمز سے گریز کرتے ہوئے تیل برآمد کرنے کا متبادل راستہ فراہم کرتی ہے۔
ماہرین کے مطابق پائپ لائن کی بندش سے عالمی تیل کی تقریباً 4 فیصد سپلائی متاثر ہونے کا خطرہ ہے، جبکہ ایران کے اتحادی یمنی حوثیوں کی جانب سے باب المندب کے قریب واقع جزیرہ پریم پر کنٹرول مضبوط کرنے کی کوششوں نے بھی عالمی توانائی کی سپلائی کے خدشات بڑھا دیے ہیں۔
گزشتہ ہفتے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً 8 فیصد اضافہ ہوا اور جولائی کے بعد پہلی بار قیمت 100 ڈالر فی بیرل کی سطح عبور کرگئی۔
آئی جی مارکیٹ کے تجزیہ کار ٹونی سائکامور کے مطابق اگر عمان میں ہونے والے مذاکرات سے کوئی عملی پیش رفت نہ ہوئی یا سعودی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن جلد بحال نہ ہوئی تو خام تیل کی قیمت مزید بڑھ سکتی ہے اور مارچ کے اوائل میں ریکارڈ کی گئی 119.48 ڈالر فی بیرل کی بلند سطح کی جانب بڑھنے کا خطرہ موجود ہے۔
تاہم عمان کے وزیر خارجہ بدر البوسعیدی نے بتایا ہے کہ آبنائے ہرمز کی صورتحال پر خلیجی ممالک اور ایران کے درمیان عمان میں پیر کو ہونے والی طے شدہ ملاقات ملتوی کردی گئی ہے۔
علاقائی کشیدگی میں اضافے کے باعث عالمی توانائی مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے، جبکہ سپلائی میں مزید رکاوٹ کے خدشات خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا دباؤ بڑھا رہے ہیں۔



