اسلام آباد میں سکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ، صوبوں سے 23 ہزار 500 پولیس اہلکار طلب

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی دارالحکومت میں سیاسی و عوامی سرگرمیوں کے متوقع انعقاد کے پیش نظر سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت وفاقی حکومت نے پنجاب، سندھ اور بلوچستان سے مجموعی طور پر 23 ہزار 500 پولیس اہلکار طلب کر لیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کابینہ سیکرٹری نے تینوں صوبائی حکومتوں کو خط ارسال کیا ہے، جبکہ کابینہ ڈویژن کی جانب سے پولیس نفری کی دستیابی اور تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب سے 15 ہزار، سندھ سے 8 ہزار جبکہ بلوچستان سے 500 پولیس اہلکار اسلام آباد بھجوائے جائیں گے۔ تینوں صوبوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مطلوبہ نفری 20 ستمبر تک وفاقی دارالحکومت میں تعینات کردی جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں سے نمٹنے کے لیے اسلام آباد میں ایک ہزار سے زائد کنٹینرز کا انتظام کیا جا رہا ہے، جبکہ 100 سے زائد کنٹینرز اہم مقامات پر پہلے ہی پہنچائے جا چکے ہیں۔
اس کے علاوہ انسدادِ ہنگامہ آرائی یونٹس، خصوصی آلات اور ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لیے ضروری سامان بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔
سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستوں، اہم سرکاری عمارتوں اور حساس مقامات پر سکیورٹی مزید بڑھانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔



