72 سالہ ملائیشین فٹبال لیجنڈ نے 20 سالہ لڑکی سے شادی کرلی

جکارتہ (ویب ڈیسک) ملائیشیا کے سابق فٹبال لیجنڈ داتوک عبدہ الف نے 72 سال کی عمر میں شادی کرلی، ان کی اہلیہ کی عمر 20 سال بتائی جا رہی ہے۔ دونوں کی عمر میں تقریباً 52 سال کا فرق ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق داتوک عبدہ الف نے 27 اگست کو شادی کی، جس کی تصدیق ان کے چھوٹے بھائی داتوک یونس الف نے کی، جو خود بھی سابق قومی فٹبالر اور کوچ رہ چکے ہیں۔

داتوک عبدہ الف اور ان کی 20 سالہ اہلیہ کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد یہ شادی خاصی توجہ کا مرکز بن گئی۔ داتوک یونس الف کے مطابق شادی دونوں خاندانوں کی رضامندی سے ہوئی اور اہلخانہ نے نو بیاہتا جوڑے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ممکن ہے ان کے بھائی اس وقت ہنی مون پر ہوں، اسی وجہ سے وہ فون کالز کا جواب نہیں دے رہے، تاہم یہ بات یقینی ہے کہ دونوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوچکے ہیں۔

داتوک عبدہ الف ملائیشین فٹبال کی تاریخ کے نمایاں کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے 1970 کی دہائی کے آخر اور 1980 کی دہائی کے اوائل میں ملائیشیا کی قومی ٹیم کے اہم دور میں ملک کی نمائندگی کی۔

وہ اس ملائیشین ٹیم کا بھی حصہ تھے جس نے فیصلہ کن کوالیفائنگ میچ میں جنوبی کوریا کو 2-1 سے شکست دے کر 1980 کے ماسکو اولمپکس کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

تاہم ملائیشیا نے افغانستان پر سوویت یونین کے حملے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے 1980 کے ماسکو اولمپکس کا بائیکاٹ کردیا، جس کے باعث عبدہ الف اولمپکس میں شرکت کے خواب کو عملی جامہ نہ پہنا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button