جماعت اسلامی اسلام آباد جا رہی ہے، صرف ہاتھ لگا کر واپس نہیں آئیں گے، حافظ نعیم الرحمان

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی مستقل مزاجی کے ساتھ قوم کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے، کارکن اور اسپورٹرز مشکل حالات کے باوجود اپنے مطالبات کے لیے ڈٹے ہوئے ہیں اور اسلام آباد پہنچ کر محض رسمی کارروائی کے بعد واپس نہیں آئیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کی ملک گیر تحریک جاری ہے اور مالاکنڈ، چترال سمیت بلوچستان میں بھی مشکل حالات کے باوجود دھرنے جاری ہیں۔ کارکنوں کی ثابت قدمی اس بات کا ثبوت ہے کہ جماعت اسلامی اپنے مطالبات سے پیچھے ہٹنے والی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اسلام آباد کی جانب بڑھ رہی ہے اور وہاں پہنچنے کے بعد بھی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک کا مقصد کسی ایک سیاسی جماعت کو فائدہ پہنچانا نہیں بلکہ پوری قوم کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو احتجاج کا آئینی حق حاصل ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی نے جماعت اسلامی کے دھرنوں کی حمایت کی ہے جبکہ مختلف سیاسی حلقوں کی جانب سے بھی تحریک کی حمایت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے گورنر منصورہ آئے اور بعد ازاں پشاور میں جاری دھرنے میں بھی شریک ہوئے، جبکہ سندھ اسمبلی میں جماعت اسلامی کے مطالبات کے حوالے سے قرارداد بھی پیش کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ چند روز میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات بھی ممکن ہے۔ حافظ نعیم الرحمان کے مطابق پیپلز پارٹی بھی جماعت اسلامی کے دھرنوں کی حمایت کر رہی ہے۔



