عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی

لندن (ویب ڈیسک) عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ خام تیل کی قیمتوں میں 2 فیصد سے زائد اضافے کے باعث امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں اضافے کے امکانات مزید بڑھ گئے ہیں۔

رائٹرز کے مطابق پیر کو اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.3 فیصد کمی کے بعد 4,334.31 ڈالر فی اونس پر آگئی، جبکہ امریکی گولڈ فیوچرز 0.8 فیصد کمی کے بعد 4,375 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ کر رہے تھے۔

ماہرین کے مطابق سونے کی قیمت میں کمی کی بڑی وجہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور اس کے نتیجے میں مہنگائی کے بڑھتے خدشات ہیں۔ بلند شرح سود کے باعث ایسے اثاثوں کی کشش کم ہوجاتی ہے جو سود یا منافع فراہم نہیں کرتے، جس میں سونا بھی شامل ہے۔

دوسری جانب رواں ہفتے ہونے والے امریکی فیڈرل ریزرو کے اجلاس پر سرمایہ کاروں کی نظریں مرکوز ہیں۔ سی ایم ای فیڈ واچ ٹول کے مطابق ٹریڈرز شرح سود میں اضافے کا امکان 86.5 فیصد ظاہر کر رہے ہیں، جو گزشتہ ہفتے مہنگائی کے اعداد و شمار جاری ہونے سے قبل تقریباً 67 فیصد تھا۔

امریکی اعداد و شمار کے مطابق اگست میں صارفین کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ بنیادی مہنگائی کے ایک اہم پیمانے میں بھی گزشتہ چار ماہ کے دوران سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ادھر مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور عالمی سپلائی سے متعلق خدشات کے باعث پیر کو تیل کی قیمتوں میں 2 فیصد سے زائد اضافہ ہوا۔ سعودی عرب پر تازہ حوثی حملوں، خلیج میں بحری جہازوں پر ایرانی حملوں اور سعودی تیل پائپ لائن کی بندش نے عالمی مارکیٹ میں سپلائی کے خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور مرکزی بینکوں کی شرح سود سے متعلق پالیسی میں غیر یقینی صورتحال کے باعث سونے کی قیمتوں میں دوبارہ خریداری کا رجحان پیدا ہوسکتا ہے۔

دیگر قیمتی دھاتوں میں چاندی 0.7 فیصد کمی کے بعد 64.02 ڈالر فی اونس، پلاٹینم 1,796.90 ڈالر فی اونس پر تقریباً مستحکم جبکہ پیلیڈیم معمولی تبدیلی کے ساتھ 1,298.80 ڈالر فی اونس پر موجود رہا۔

مزید خبریں

Back to top button