خیبر پختونخواہ میں چکن گونیا کے کیسز میں اضافہ، روزانہ 100 تک مریض رپورٹ

پشاور (جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں چکن گونیا کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہونے لگا، زیارت کاکا صاحب اور گردونواح کے متعدد علاقوں میں مختلف ہسپتالوں سے روزانہ 50 سے 100 تک کیسز رپورٹ ہونے لگے ہیں۔
ذرائع کے مطابق نوشہرہ کے مختلف طبی مراکز میں چکن گونیا کے مریضوں کی بڑی تعداد میں آمد کے باعث ہسپتالوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔ مریضوں کی بڑھتی تعداد کے باوجود طبی عملے اور دیگر ضروری سہولیات کی کمی کے باعث متاثرہ افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔
متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور محکمہ صحت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں اور متاثرہ مریضوں کو بروقت علاج کی سہولت فراہم کی جائے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ چکن گونیا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کی جائے، ہسپتالوں میں ادویات کا وافر ذخیرہ، اضافی طبی عملہ اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔
چکن گونیا کیا ہے؟
چکن گونیا ایک وائرل بیماری ہے جو مخصوص اقسام کے مچھروں کے ذریعے انسانوں میں منتقل ہوتی ہے۔ اس بیماری کی عام علامات میں تیز بخار، جوڑوں میں شدید درد، سر درد، پٹھوں میں درد، جلد پر خارش اور جوڑوں کے گرد سوجن شامل ہیں۔
بعض مریضوں میں متلی، قے اور خسرہ نما دانے بھی ظاہر ہوسکتے ہیں۔ بیماری کی تصدیق کے لیے خون کے ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔
چکن گونیا سے متاثرہ افراد میں موت کا خطرہ عموماً بہت کم ہوتا ہے، تاہم بعض مریضوں میں علامات شدید ہوسکتی ہیں اور جوڑوں کا درد طویل عرصے تک برقرار رہ سکتا ہے۔



