شمالی کوریا کا پھر میزائل حملہ! سمندر کی جانب متعدد بیلسٹک میزائل فائر

سیول(جانو ڈاٹ پی کے) شمالی کوریا نے ایک بار پھر مشرقی ساحل سے سمندر کی جانب متعدد بیلسٹک میزائل فائر کرکے خطے میں کشیدگی بڑھا دی ہے۔

جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے مطابق شمالی کوریا نے وونسان کے علاقے سے بحیرہ جاپان کی سمت متعدد بیلسٹک میزائل داغے، جو تقریباً 250 کلومیٹر تک پرواز کرنے کے بعد سمندر میں جا گرے۔

جنوبی کورین خبر ایجنسی کے مطابق شمالی کوریا کی جانب سے میزائل تجربہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب جنوبی کوریا، امریکا اور جاپان نے حال ہی میں مشترکہ فوجی مشقیں مکمل کی ہیں۔ ان مشقوں کا مقصد شمالی کوریا سے لاحق ممکنہ فوجی خطرات سے نمٹنے کے لیے تینوں ممالک کی مشترکہ دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا تھا۔

شمالی کوریا پہلے ہی ان مشترکہ فوجی مشقوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنا چکا ہے۔ پیانگ یانگ نے گزشتہ ماہ مشقوں کے منصوبوں کو شمالی کوریا اور خطے کے دیگر ممالک کے لیے خطرہ قرار دیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق ہفتے کے روز کیا جانے والا میزائل تجربہ گزشتہ ماہ کے آغاز سے شمالی کوریا کا چوتھا میزائل تجربہ ہے۔ اس سے قبل 6، 12 اور 20 اگست کو بھی شمالی کوریا نے اسی نوعیت کے متعدد بیلسٹک میزائلوں کے تجربات کیے تھے۔

شمالی کوریا کے تازہ میزائل تجربے نے ایک بار پھر جزیرہ نما کوریا میں سلامتی کی صورتحال اور امریکا، جنوبی کوریا و جاپان کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی تعاون کے حوالے سے تشویش پیدا کردی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button