خطے کے ممالک ہمارے بھائی ہیں، ایران پر حملوں کی اجازت نہ دیں: مسعود پزشکیان

تہران(جانو ڈاٹ پی کے) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ خطے کے تمام ممالک ایران کے برادر اور پڑوسی ہیں، انہیں اپنی سرزمین سے ایران پر کسی بھی حملے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔

ایک انٹرویو میں ایرانی صدر نے کہا کہ موجودہ جنگ ایران نے شروع نہیں کی بلکہ امریکا اور اسرائیل نے جنگ مسلط کی، ایران اس وقت اپنا دفاع کر رہا ہے اور جنگ کا خواہاں نہیں۔

مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران کو متحدہ عرب امارات یا خطے کے کسی دوسرے ملک سے کوئی مسئلہ نہیں، اصل مسئلہ ان ممالک میں موجود امریکی فوجی اڈے ہیں، جہاں سے ایران کے خلاف کارروائیاں کی جاتی ہیں۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا ہی خطے میں داخل ہوا ہے، جبکہ خطے کے ممالک ہمارے بھائی ہیں۔ دوست اور پڑوسی ممالک کو اپنی سرزمین سے ایران کے خلاف حملوں کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ایران خطے کے تمام ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے، تاہم امریکا ایسا نہیں ہونے دینا چاہتا۔ ان کے مطابق امریکا خطے کے پٹرولیم ذخائر کو اپنے مفادات کے لیے استعمال کرنا چاہتا ہے اور ہتھیار و میزائل فروخت کرکے خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچا رہا ہے۔

مسعود پزشکیان نے علاقائی سلامتی کے لیے خطے کے ممالک کو خود مل کر مشترکہ سیکیورٹی نظام تشکیل دینے کی تجویز بھی دی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یورپی ممالک اپنی سیکیورٹی اور تجارت کے لیے مشترکہ قوانین بنا سکتے ہیں تو خطے کے ممالک ایسا کیوں نہیں کرسکتے۔

ایرانی صدر نے پاکستان کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک دوست ہمسایہ ملک ہے جس نے امن کے لیے بہت مدد کی، جبکہ قطر نے بھی اس حوالے سے تعاون کیا۔

اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے حوالے سے مسعود پزشکیان نے کہا کہ اس کے بعد بھی دوبارہ مذاکرات کا مطالبہ سمجھ سے باہر ہے۔ ان کے مطابق مفاہمتی یادداشت میں امریکی پابندیاں ختم کرنے کی بات شامل تھی اور امریکا کو یہ پابندیاں ختم کرنا ہوں گی۔

ایرانی صدر نے کہا کہ جوہری معاملات پر مذاکرات کے لیے ایران تیار ہے، تاہم امریکا کے ساتھ براہ راست مذاکرات کے بارے میں فی الحال کوئی فیصلہ نہیں کرسکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ ایران نے شروع نہیں کی، جارحیت کا خاتمہ امریکا کو کرنا ہوگا۔

مسعود پزشکیان نے امریکا پر ایرانی عوام کے دلوں میں بسنے والے ایک رہنما کے قتل کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا پہلے دن سے ایرانی حکومت گرانے کی کوشش کررہا ہے۔

سعودی عرب اور حوثیوں کے تنازع پر ایرانی صدر نے کہا کہ ایران کی سعودی عرب سے کوئی جنگ نہیں، حوثیوں کے اپنے مسائل ہیں۔

مسعود پزشکیان نے ایک بار پھر زور دیا کہ خطے کے امن و استحکام کے لیے تمام ممالک کو مل بیٹھ کر مشترکہ طور پر کام کرنا ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button