سعودی عرب کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، فیصل بن فرحان کا دوٹوک اعلان

ریاض(جانو ڈاٹ پی کے) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب کی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، خلیجی ممالک اپنی سرزمین پر کسی بھی بہانے سے ہونے والے حملے برداشت نہیں کریں گے۔
برکس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ خلیج عرب میں پائیدار امن و سلامتی صرف ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام سے ہی ممکن ہے۔
سعودی وزیر خارجہ نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جاری تناؤ کے باعث محاذ آرائی کا دائرہ مسلسل وسیع ہو رہا ہے، جبکہ بڑھتی کشیدگی سے تنازع مزید پھیلنے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خلیج میں امن و استحکام صرف علاقائی ممالک ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے انتہائی اہم ہے، کیونکہ خلیجی خطہ عالمی معیشت اور توانائی کی فراہمی میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ خطے میں امن کے لیے خودمختاری کے احترام، کشیدگی میں کمی اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔



