سابق کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں انٹری، نئی پروڈکشن کمپنی قائم

اوٹاوا(جانو ڈاٹ پی کے) کینیڈا کے سابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے سیاست سے دوری کے بعد میڈیا اور انٹرٹینمنٹ کی دنیا میں قدم رکھ دیا، انہوں نے اپنے دیرینہ چیف آف اسٹاف کیٹی ٹیلفورڈ کے ساتھ مل کر ’’ہوپ اینڈ ہارڈ ورک‘‘ کے نام سے نئی میڈیا اور انٹرٹینمنٹ پروڈکشن کمپنی قائم کرلی۔

نئی کمپنی فلم، ٹیلی ویژن، آڈیو اور لائیو انٹرٹینمنٹ کے شعبوں میں کام کرے گی۔ کمپنی کا مقصد ایسی کہانیاں پیش کرنا ہے جو لوگوں کے درمیان باہمی سمجھ بوجھ، روابط اور مثبت مکالمے کو فروغ دیں۔

رپورٹ کے مطابق کمپنی کا نام اس جملے سے متاثر ہے جسے جسٹن ٹروڈو نے 2013 میں لبرل پارٹی کی قیادت سنبھالنے کے بعد اپنی تقاریر میں بارہا استعمال کیا تھا۔

54 سالہ جسٹن ٹروڈو 2015 سے 2025 تک کینیڈا کے وزیراعظم رہے۔ انہوں نے گزشتہ سال جنوری میں لبرل پارٹی کی قیادت سے استعفیٰ دیا، جس کے بعد مارک کارنی نے کینیڈا کے وزیراعظم کا منصب سنبھالا۔

حکومت سے علیحدگی کے بعد جسٹن ٹروڈو بڑی حد تک عوامی منظرنامے سے دور رہے، تاہم اب نئی پروڈکشن کمپنی کے قیام کے ذریعے انہوں نے تخلیقی اور تفریحی شعبے میں ایک نئے سفر کا آغاز کردیا ہے۔

ٹروڈو کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں آمد کو ان کے سیاسی کیریئر کے بعد ایک غیر معمولی اور منفرد پیشہ ورانہ تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button