ٹھٹھہ میرا آبائی شہر، کسی شہری کو تکلیف میں نہیں دیکھ سکتا، سید ایاز علی شاہ شیرازی

ٹھٹھہ (رپورٹ: جاوید لطیف میمن\جانوڈاٹ پی کے) رکن قومی اسمبلی اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کے رکن سید ایاز علی شاہ شیرازی کے اعزاز میں درگاہ حضرت شاہ مبین محلے کے رہائشیوں کی جانب سے عوامی عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف برادریوں کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
سید ایاز علی شاہ شیرازی کی آمد پر اہلِ محلہ نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے ان کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ انہیں لونگیاں پہنائی گئیں اور پٹکا بھی باندھا گیا۔
عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے سید ایاز علی شاہ شیرازی نے کہا کہ ٹھٹھہ ان کا آبائی شہر، گھر اور آبائی ضلع ہے، اس لیے وہ اپنے ضلع، شہر یا محلے کے کسی بھی فرد کو تکلیف میں نہیں دیکھنا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ملنے والی عزت اور محبت دراصل ان کے والد الحاج سید اعجاز علی شاہ شیرازی کی عوامی خدمات کا ثمر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی اور ان کے بھائی کی کوششوں سے ٹھٹھہ کے شہریوں کا دیرینہ مسئلہ ’’اصحابی فیڈر‘‘ کا لوڈ شفٹ کردیا گیا ہے۔ پینے کے پانی اور صفائی کے دیگر مسائل بھی جلد حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
سید ایاز علی شاہ شیرازی کے مطابق کے ڈی اے سے ٹھٹھہ تک پینے کے پانی کی لائن بچھانے کا کام ان کے بھائی سید ریاض حسین شاہ کی کوششوں سے شروع ہوچکا ہے۔ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد ٹھٹھہ شہر میں پینے کے پانی کا دیرینہ مسئلہ مستقل طور پر حل ہونے کی امید ہے۔
تقریب میں محمد علی شیخ، سلیم قریشی، پیر محمد ممبائی، محمد حسن سولنگی، محمد ایوب بھٹو، حیدر علی عابدانی، خورشید احمد کنبھاٹی، طارق احمد شیخ، ریاض احمد شیخ، حاجی محمد علی سنار، معراج احمد شیخ، بشیر احمد شیخ سمیت مختلف برادریوں کے معززین نے شرکت کی۔
بعد ازاں سید ایاز علی شاہ شیرازی نے ٹھٹھہ سے تعلق رکھنے والی بروہی برادری کے معزز ڈاکٹر عبدالواحد اور لال و پٹھان برادری کے گھر جاکر لالا شعیب پٹھان اور شہری اتحاد ٹھٹھہ کے صدر جاوید غنی میمن سے ان کے عزیزوں کے انتقال پر تعزیت کی۔ انہوں نے مرحومین کے لیے مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کی دعا بھی کی۔



