دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، کراچی کو پانی کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ

ٹھٹھہ(جانوڈاٹ پی کے) دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر کے الیکٹرک کے سسٹم میں کیبل فالٹ کے باعث بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوگیا، جس سے مختلف فیزز اور پمپس ہاؤسز کی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
واٹر کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق دھابیجی میں صبح 6 بجے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی، جس کے باعث تھرڈ فیز، فورتھ فیز اور کے تھری پمپس ہاؤس بجلی سے محروم ہوگئے۔
بجلی کی بندش کے نتیجے میں دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے مجموعی 21 پمپس میں سے 10 پمپس غیر فعال ہوگئے ہیں، جس سے کراچی کو پانی کی فراہمی جزوی طور پر متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ترجمان کے مطابق بجلی کی بندش کے باعث دھابیجی سے کراچی کو فراہم کیے جانے والے پانی کی مقدار میں کمی واقع ہوسکتی ہے۔ واٹر کارپوریشن حکام بجلی کی جلد بحالی کے لیے کے الیکٹرک انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ بجلی بحال ہوتے ہی متاثرہ 10 پمپس کو فوری طور پر فعال کردیا جائے گا اور کراچی میں پانی کی فراہمی معمول پر لانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے۔
ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بجلی کی بحالی تک پانی کا باکفایت استعمال کریں اور غیر ضروری طور پر پانی ضائع کرنے سے گریز کریں۔



