فہمیدہ پتافی کی بازیابی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، آئی جی سندھ

گھوٹکی(وجے کمار چاولہ\جانوڈاٹ پی کے) آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی زیرصدارت ایس ایس پی آفس میرپور ماتھیلو میں سکھر ڈویژن اور ضلع گھوٹکی میں امن و امان کی صورتحال کے جائزے کے لیے اہم اجلاس ہوا، جس میں فہمیدہ پتافی کی بازیابی کے لیے جاری پولیس اقدامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈی آئی جی سکھر ناصر آفتاب پٹھان، ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران، ایس پی ہیڈکوارٹر حافظ عبدالقادر چاچڑ اور ضلع گھوٹکی کے تمام ڈی ایس پیز نے شرکت کی۔ ڈی آئی جی سکھر نے ڈویژن جبکہ ایس ایس پی گھوٹکی نے ضلع میں امن و امان کی صورتحال اور فہمیدہ پتافی کی بازیابی کے لیے ہونے والی پیش رفت سے آئی جی سندھ کو آگاہ کیا۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ہدایت کی کہ فہمیدہ پتافی کی جلد اور بحفاظت بازیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کیس کی تفتیش کو مزید مؤثر، مربوط اور نتیجہ خیز بنانے کے ساتھ جدید تفتیشی اور تکنیکی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے واضح کیا کہ اعلیٰ عدالت کے احکامات پر مکمل اور ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے جبکہ کیس کے تمام قانونی تقاضے بھی بلا تاخیر پورے کیے جائیں۔
جاوید عالم اوڈھو نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کیس کی پیش رفت کی ذاتی طور پر نگرانی کی جائے، تفتیش کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے اور فہمیدہ پتافی کی بازیابی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو مزید تیز اور مؤثر بنایا جائے۔
آئی جی سندھ نے کیس کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت رپورٹ اور تازہ ترین اپ ڈیٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔
بعدازاں آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ایس ایس پی گھوٹکی آفس میں آئی ٹی آفس کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔



