گھوٹکی: ڈپٹی کمشنراورایس ایس پی کی سرکاری اداروں کے باہمی تعاون کی اہمیت پرزور

گھوٹکی ( رپورٹ وجے کمارچاولا )  اڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد نے کہا ہے کہ متعلقہ سرکاری اداروں کے باہمی تعاون اور ہم آہنگی سے ہی عوامی مسائل کو بہتر انداز میں حل کیا جا سکتا ہے، جبکہ مختلف چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام اداروں اور افسران کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میرپور ماتھیلو کے کونسل ہال میں مختلف سرکاری محکموں کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و ملازمین میں تعریفی اسناد تقسیم کرنے اور محکمہ ریونیو کے ریٹائرڈ ملازمین کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کیتھران، اے ڈی سی ون بشارت حسین، ڈی ایچ او ڈاکٹر راؤ آفتاب، ڈی ای او سید اسرار احمد شاہ، ڈی ایم پی پی ایچ آئی عارف عباسی، ریسکیو 1122، میونسپل، محکمہ جنگلات اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر منظور احمد نے کہا کہ بہترین کارکردگی کی بنیاد پر تعریفی اسناد دینے کا مقصد افسران اور ملازمین کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ وہ مزید جذبے اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب، بارشوں اور پولیو مہم سمیت کسی بھی ہنگامی صورتحال کے دوران مختلف اداروں کے باہمی تعاون اور ہم آہنگی سے ہی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے، لہٰذا تمام اداروں کو ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کرنا چاہیے، جس سے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔ ایس ایس پی محمد انور کیتھران نے کہا کہ اچھی کارکردگی کی بنیاد پر افسران اور ملازمین کو تعریفی اسناد دینا ایک بہترین روایت ہے، جو دیگر ملازمین کے لیے بھی حوصلہ افزائی کا باعث بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچے کے علاقے میں آپریشن کے دوران ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت، ریسکیو 1122 اور محکمہ لائیو اسٹاک سمیت مختلف اداروں نے بھرپور تعاون کیا۔ جب ادارے مل کر کام کریں گے تو یقیناً بہتر نتائج حاصل ہوں گے۔ تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر منظور احمد اور ایس ایس پی محمد انور کیتھران نے مختلف سرکاری محکموں کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور ملازمین میں تعریفی اسناد تقسیم کیں، جبکہ محکمہ ریونیو کے ریٹائرڈ ملازمین کو اجرک اور سندھی ٹوپیاں پیش کرکے ان کی خدمات کو سراہا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button