تھرپارکر میں صاف پانی کا بحران، 3 بند آر او پلانٹس کی فوری بحالی کا حکم

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ (O&M) شہید بینظیرآباد کے چیف انجینئر محمد فرخ خان نے ضلع تھرپارکر کے تین اہم بند آر او پلانٹس کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت اور بحالی کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔
چیف انجینئر نے ایگزیکٹو انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈویژن تھرپارکر (مٹھی) کو ہدایت کی ہے کہ بند آر او پلانٹس کے باعث مقامی آبادی کو درپیش صاف پینے کے پانی کے مسائل کے پیش نظر مرمتی کام میں کسی قسم کی تاخیر نہ کی جائے اور پلانٹس کو جلد از جلد مکمل طور پر فعال بنایا جائے۔
احکامات کے مطابق فوری مرمت اور بحالی کے لیے جن تین آر او پلانٹس کی نشاندہی کی گئی ہے، ان میں ہیمن داس ولاسائی پارو آر او پلانٹ، تعلقہ کلوئی، مانبائی جو تار آر او پلانٹ، یو سی دھڑین دھارو، تعلقہ چھاچھرو، اور مبین حجام آر او پلانٹ، یو سی سانگرو، تعلقہ اسلام کوٹ شامل ہیں۔
چیف انجینئر نے متعلقہ افسران اور ٹھیکیداروں کو مرمت و بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرکے پلانٹس کو فعال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس کے علاوہ آر او پلانٹ آپریٹرز کی تنخواہوں سے متعلق مسائل حل کرنے کے بھی احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ تین روز کے اندر رنگین تصاویر کے ساتھ تعمیلی رپورٹ پیش کی جائے، جس میں ہر آر او پلانٹ کی مرمت، بحالی اور موجودہ صورتحال کی مکمل تفصیلات شامل ہوں۔
دوسری جانب کلوئی میں آر او پلانٹ کی طویل عرصے سے بندش کے باعث سینکڑوں گھرانے صاف پینے کے پانی سے محروم ہیں۔ مقامی شہریوں نے آر او پلانٹ کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پلانٹ کو فوری طور پر بحال کیا جائے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ پلانٹ کی بندش کے باعث علاقے میں پینے کے پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ دو روز کے اندر آر او پلانٹ بحال کیا جائے، بصورت دیگر وہ تھرکول روڈ پر دھرنا دے کر سڑک بند کرنے پر مجبور ہوں گے۔
مقامی شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے آر او پلانٹ بحال کیا جائے اور متاثرہ آبادی کو صاف پینے کے پانی کی مستقل فراہمی یقینی بنائی جائے۔



