گڑھی موسم خان گینگ ریپ کیس میں اہم پیش رفت، ہلاک چاروں ملزمان کی میڈیکل رپورٹس مثبت

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے) پشاور کے علاقے گڑھی موسم خان میں گینگ ریپ کیس کی تحقیقات کے دوران نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے چاروں ملزمان کی میڈیکل رپورٹس مثبت آگئی ہیں۔ پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان کی شناخت عامر افتخار، جلال عرف راجا، قدوس اور امداس کے نام سے ہوئی ہے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق تحقیقات کے دوران یہ انکشاف بھی سامنے آیا کہ ملزمان نے دو شادی شدہ خواتین کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا، جبکہ ایک معذور کمسن بچی کو بھی مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ ذرائع کے مطابق خواتین کی منت سماجت پر بچی کو چھوڑ دیا گیا۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ کیس میں گرفتار ملزمان میں مکان کا مالک، ایک موچی، ایک مزدور اور سعودی عرب سے واپس آنے والا شخص شامل تھا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق دو ملزمان کے آئس کے عادی ہونے جبکہ دو کے مبینہ طور پر نشہ آور گولیوں کے استعمال کا بھی انکشاف ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے مبینہ طور پر واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور متاثرہ خواتین سے چھینے گئے موبائل فون بھی برآمد کیے گئے ہیں۔
تفتیشی ٹیم کے مطابق متاثرہ خواتین کے ساتھ وکٹم سپورٹ آفیسر تعینات کیا گیا ہے، جبکہ دونوں خواتین کو تقریباً ایک ماہ تک ذہنی اور نفسیاتی کونسلنگ فراہم کی جائے گی تاکہ انہیں ضروری معاونت فراہم کی جاسکے۔
پولیس افسر کے مطابق متاثرہ معذور بچی سے متعلق سامنے آنے والے معاملے کے بعد مقدمے میں چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ کی متعلقہ دفعات شامل کردی گئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد بچی کے تحفظ اور واقعے کے تمام پہلوؤں کو قانونی دائرے میں شامل کرکے تحقیقات کو آگے بڑھانا ہے۔
پولیس اور تفتیشی ٹیم کی جانب سے واقعے کے دیگر پہلوؤں کا جائزہ بھی جاری ہے۔



