مریم نواز کے لندن دورے کا مبینہ1کروڑ25لاکھ خرچ،معاملہ پنجاب اسمبلی پہنچ گیا

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دورۂ لندن کے مبینہ سرکاری اخراجات کا معاملہ پنجاب اسمبلی پہنچ گیا۔ تحریک انصاف کے رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی وقاص محمود مان نے دورے پر آنے والے اخراجات سے متعلق تحریکِ التواء پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی۔
تحریکِ التواء کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے دورۂ لندن کے دوران سرکاری طیارے کے فیول اور دیگر اخراجات کی مد میں مبینہ طور پر ایک کروڑ 25 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔
تحریکِ التواء میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عوام مہنگائی کے باعث پریشان ہیں، ایسے میں سرکاری خزانے سے نجی دورے کے مبینہ اخراجات کیوں برداشت کیے گئے؟ رکن اسمبلی نے حکومت سے دورے کے اخراجات کی قانونی حیثیت واضح کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
تحریکِ التواء میں سوال اٹھایا گیا کہ مریم نواز کے لندن دورے کے اخراجات کس قانون کے تحت سرکاری خزانے سے ادا کیے گئے؟ سرکاری طیارہ کس اختیار کے تحت نجی یا خاندانی مصروفیات کیلئے استعمال کیا گیا اور ایک کروڑ 25 لاکھ روپے کے مبینہ اخراجات کی منظوری کس نے دی؟
وقاص محمود مان نے سرکاری طیارے کے مبینہ استعمال پر پنجاب حکومت سے قانونی وضاحت طلب کرتے ہوئے معاملے کو پنجاب اسمبلی میں زیرِ بحث لانے کا مطالبہ کیا ہے۔



