پنجاب میں مون سون کا آخری سپیل، 12 سے 17 ستمبر تک شدید بارشوں کا الرٹ

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کے نویں اور آخری سپیل کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق 12 سے 17 ستمبر کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق 12 سے 17 ستمبر کے دوران راولپنڈی، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور اٹک میں بارش کا امکان ہے۔
اسی طرح 14 سے 17 ستمبر کے دوران لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، گجرات، وزیرآباد، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب اور سرگودھا میں بھی بارش متوقع ہے۔
خوشاب، میانوالی، نور پور تھل، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور گردونواح میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے خبردار کیا ہے کہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ موجود ہے، جبکہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو پیشگی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، خصوصاً راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں انتظامیہ پیشگی انتظامات یقینی بنائے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کے متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی کہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، کچے اور بوسیدہ مکانات میں رہائش اختیار نہ کریں، آندھی یا طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہری آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے محفوظ مقامات پر رہیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون سیزن کے دوران کچے اور بوسیدہ مکانات گرنے کے باعث جانی نقصان کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں، اس لیے شہری بارشوں کے دوران خصوصی احتیاط کریں۔



