اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی،2700پوائنٹس کی گراوٹ کے بعد بڑی ریکوری

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر شدید مندی دیکھنے میں آئی، تاہم بعد ازاں مارکیٹ میں نمایاں ریکوری ہوئی اور ہنڈریڈ انڈیکس نے ایک لاکھ 68 ہزار پوائنٹس کی حد دوبارہ بحال کرلی۔
کاروباری دن کے ابتدائی سیشن میں ہنڈریڈ انڈیکس ایک ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی کے ساتھ کھلا، جبکہ دورانِ ٹریڈنگ انڈیکس 2 ہزار 700 پوائنٹس تک گر کر ایک لاکھ 66 ہزار پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔
شدید مندی کے باعث اسٹاک مارکیٹ نے دورانِ کاروبار ایک لاکھ 68 ہزار اور ایک لاکھ 67 ہزار پوائنٹس کی دونوں حدیں گنوا دیں۔
تاہم مارکیٹ میں 2 ہزار 700 پوائنٹس کی گراوٹ کے بعد زبردست خریداری دیکھنے میں آئی اور ہنڈریڈ انڈیکس نے تقریباً 2 ہزار 100 پوائنٹس کی ریکوری کرتے ہوئے ایک لاکھ 68 ہزار پوائنٹس کی سطح دوبارہ حاصل کرلی۔
دوسری جانب ایران جنگ کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بھی ایک بار پھر نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ دورانِ کاروبار برینٹ خام تیل کی قیمت میں 7.1 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد قیمت 108 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی۔
عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے اور خطے میں جاری کشیدگی کے اثرات کے باعث سرمایہ کاروں کی جانب سے محتاط رویہ اختیار کیا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں مقامی اسٹاک مارکیٹ میں بھی شدید اتار چڑھاؤ دیکھا گیا۔



