اسحاق ڈار کی مصری ہم منصب سے اہم رابطہ، علاقائی صورتحال پر قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے گزشتہ رات مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور مصر کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ علاقائی صورتحال اور خطے سے متعلق اہم امور پر قریبی مشاورت جاری رکھنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
اسحاق ڈار اور مصری وزیر خارجہ نے سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ علاقائی فور (R4) کے وزرائے خارجہ کے پلیٹ فارم سمیت مختلف ذرائع سے علاقائی معاملات پر رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے آئندہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ملاقات کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور ڈاکٹر بدر عبدالعاطی کے درمیان ہونے والا ٹیلیفونک رابطہ پاکستان اور مصر کے درمیان قریبی سفارتی و برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔



