شہزادی ڈیانا کی زندگی پر خفیہ فلمی منصوبہ؟ میگھن مارکل کو بڑا کردار دینے کی تیاریاں

لندن (جانو ڈاٹ پی کے) برطانوی شاہی خاندان سے متعلق ایک اور حیران کن خبر سامنے آگئی، شہزادی ڈیانا کی زندگی پر مبنی ایک مبینہ خفیہ فلمی منصوبے کی تیاری کی اطلاعات نے نئی ہلچل مچا دی ہے، جس میں ڈیوک آف سسیکس شہزادہ ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل کو بھی اہم کردار دینے پر غور کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مبینہ فلم میں میگھن مارکل کی شمولیت محض مختصر اداکاری تک محدود نہیں ہوگی بلکہ انہیں شہزادی ڈیانا کی زندگی اور جدوجہد کی کہانی بیان کرنے کی ذمہ داری دیے جانے کا امکان ہے۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شہزادہ ہیری گزشتہ ماہ اپنی اہلیہ میگھن مارکل اور بچوں شہزادہ آرچی اور شہزادی للی بیٹ کے ہمراہ طویل قیام کے لیے برطانیہ واپس آئے تھے۔ اسی دوران شہزادہ ہیری کی جانب سے اپنی والدہ شہزادی ڈیانا کی زندگی پر مبنی مبینہ فلمی منصوبے پر کام شروع کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شہزادہ ہیری چاہتے ہیں کہ میگھن مارکل اس پروجیکٹ کا اہم حصہ بنیں اور فلم میں ڈیانا کی زندگی کی راوی (Narrator) کے طور پر اپنی آواز پیش کریں۔
اگر یہ منصوبہ حقیقت کا روپ اختیار کرتا ہے تو میگھن کا کردار محض چند مناظر تک محدود نہیں ہوگا بلکہ ان کی آواز کے ذریعے ڈیانا کی زندگی، شاہی خاندان میں ان کے تجربات اور ان کی جدوجہد کی کہانی ناظرین تک پہنچائی جاسکتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق شہزادہ ہیری خود بھی مبینہ فلم میں اپنی والدہ کے بیٹے کی حیثیت سے دکھائی دے سکتے ہیں۔ اس صورت میں ڈیانا کی زندگی کی کہانی کو میگھن مارکل کی آواز میں بیان کیا جانا اس منصوبے کا ایک منفرد اور اہم پہلو ہوگا۔
تاہم اس مبینہ فلمی منصوبے کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی سرکاری اعلان سامنے نہیں آیا، اس لیے میگھن مارکل کی شمولیت اور فلم کی تیاری سے متعلق اطلاعات کو فی الحال میڈیا رپورٹس کے طور پر ہی دیکھا جا رہا ہے۔
شہزادی ڈیانا کی عالمی شہرت اور شاہی خاندان سے جڑی ان کی زندگی کے باعث اگر یہ منصوبہ حقیقت میں سامنے آتا ہے تو اسے دنیا بھر میں غیر معمولی توجہ حاصل ہونے کا امکان ہے۔



