راشد منہاس شہید کے مزار پر پروقار تقریب، پاک فضائیہ کے شاہینوں کا سلامِ عقیدت

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید، نشانِ حیدر کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھانے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں شہید کی عظیم قربانی اور شجاعت کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
مہمانِ خصوصی ایئر آفیسر کمانڈنگ سدرن ایئر کمانڈ، ایئر وائس مارشل اختر عمران سدوزئی نے راشد منہاس شہید کے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور سربراہ پاک فضائیہ کی جانب سے شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔
پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے بھی راشد منہاس شہید کی لازوال قربانی کو سلام پیش کیا۔
راشد منہاس شہید نے دفاعِ وطن کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے تاریخِ پاکستان میں ہمیشہ کے لیے امر مقام حاصل کیا۔ ان کی جرأت، عزم اور جذبۂ شہادت آج بھی پاک فضائیہ کے شاہینوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق راشد منہاس شہید کی قربانی عزم و وفا کی ایسی روشن داستان ہے جو آنے والی نسلوں کو دفاعِ وطن کا درس دیتی رہے گی۔
پاک فضائیہ کے شاہینوں نے راشد منہاس شہید کے جذبۂ شہادت، شجاعت اور بے مثال قربانی کو سلام پیش کیا۔



