یوم دفاع پر بدین میں شوٹنگ بال کا سنسنی خیز فائنل، محبوب کلب حیدرآباد نے پولیس ٹیم کو شکست دے دی

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے) یوم دفاع پاکستان کے موقع پر بدین میں کھیلوں کا شاندار میلہ سج گیا، پولیس لائن بدین میں منعقدہ شوٹنگ بال ٹورنامنٹ کا سنسنی خیز فائنل محبوب کلب حیدرآباد نے جیت لیا۔ فاتح ٹیم نے سخت اور دلچسپ مقابلے کے بعد پولیس ٹیم بدین کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔
ٹورنامنٹ کا انعقاد ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر بدین انور علی روشن کی میزبانی میں کیا گیا، جس میں کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلوں سے وابستہ شخصیات، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
فائنل مقابلے میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا اور شائقین کو ایک دلچسپ اور سنسنی خیز کھیل دیکھنے کو ملا۔ محبوب کلب حیدرآباد نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے پولیس ٹیم بدین کو شکست دی اور ٹورنامنٹ کی فاتح ٹرافی حاصل کرلی۔
کھیلوں کے میدان آباد کرنا صحت مند معاشرے کی ضمانت ہے، پیر وقار شاہ جیلانی
فائنل میچ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ انفارمیشن سیکریٹری پاکستان پیپلز پارٹی پیر وقار شاہ جیلانی نے کہا کہ کھیلوں کے میدان آباد کرنے سے صحت مند معاشرہ تشکیل پاتا ہے، جبکہ نوجوان نسل کو سماجی برائیوں اور منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے کا بہترین ذریعہ کھیلوں کا فروغ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کی ذہنی اور جسمانی نشوونما بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ان میں نظم و ضبط، برداشت، مسابقتی جذبہ اور ٹیم ورک کی صلاحیتیں پیدا کرتے ہیں۔
پیر وقار شاہ جیلانی نے فاتح ٹیم محبوب کلب حیدرآباد کے کپتان محبوب علی سولنگی اور پوری ٹیم کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دی، جبکہ رنر اپ پولیس ٹیم بدین کے کپتان عبدالوقاص آرائیں اور ان کی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ فائنل میں دونوں ٹیموں کی کارکردگی شاندار اور قابلِ دید تھی، کھلاڑیوں نے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے شائقین کو بھرپور تفریح فراہم کی۔
نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے مواقع بڑھانے کا عزم
پیر وقار شاہ جیلانی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کی جانب سے نوجوانوں کو کھیلوں کی بہتر سہولیات فراہم کرنے اور کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تعلیم ہو یا کھیل، سندھ کو ہر شعبے میں آگے لے جانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ سندھ کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانا محترمہ شہید بے نظیر بھٹو کا خواب تھا جبکہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا بھی وژن ہے کہ نوجوانوں کو تعلیم اور کھیلوں کے بہتر مواقع فراہم کیے جائیں۔
بدین میں کھیلوں کے مقابلے باقاعدگی سے جاری
ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر انور علی روشن نے کہا کہ صوبائی وزیر کھیل کی کوششوں سے پورے سندھ کی طرح ضلع بدین میں بھی مختلف کھیلوں کے مقابلے باقاعدگی سے منعقد کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفس بدین کی جانب سے شوٹنگ بال، کرکٹ، فٹبال، ملاکھڑا، ونجهه وٹی، ٹیبل ٹینس، لٹو اور کنچے سمیت مختلف انڈور اور آؤٹ ڈور کھیلوں کے مقابلے منعقد کرائے جا رہے ہیں، جن کا مقصد نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔
اختتامی تقریب میں اسسٹنٹ اسپورٹس آفیسر عبدالرزاق خاصخیلی، ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات سرفراز سموں، انسپکٹر عاشق علی میمن، عبدالرحیم کھٹی سمیت سیاسی و سماجی رہنماؤں، کھلاڑیوں، کھیلوں سے وابستہ افراد اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر فاتح ٹیم محبوب کلب حیدرآباد کو ٹرافی پیش کی گئی جبکہ شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔



