’عوام کو فیصلہ کرنے دیں وہ کیا چاہتے ہیں‘نئے صوبوں پر بڑااشارہ!محسن نقوی بول پڑے،

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)ملک میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کی جاری بحث کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے نئے صوبوں کے معاملے کو مثبت انداز میں لیا جائے گا، عوام کو فیصلہ کرنے دیا جائے کہ وہ کیا چاہتے ہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر تفصیلی بحث جاری ہے اور اس حوالے سے سنجیدگی سے سوچنا ہوگا کہ مستقبل میں کیا کیا جاسکتا ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں، خصوصاً یورپ اور برطانیہ میں مختلف نوعیت کے انتظامی نظام موجود ہیں۔ ان کے مطابق حکومت کی خواہش ہے کہ مقامی سطح پر نئی قیادت سامنے آئے اور عوام کو اپنی قیادت منتخب کرنے کے زیادہ مواقع ملیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ملک میں ’’بہت سارے صادق خان، بہت سے ممدانی اور بہت سے اردوان‘‘ سامنے آئیں، جو مقامی سطح پر قیادت کریں۔

دوسری جانب ملک میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کی بحث کے ساتھ اسلام آباد کے انتظامی ڈھانچے میں بڑی تبدیلی کی تیاریاں بھی تیز کردی گئی ہیں۔

حکومت کی جانب سے اسلام آباد کو نئے انتظامی ماڈل میں ڈھالنے سے متعلق مجوزہ ڈرافٹ اعلیٰ سطح کی خصوصی کمیٹی نے وزیراعظم کو پیش کردیا ہے۔

مجوزہ ڈرافٹ میں اسلام آباد کے لیے 27 رکنی اسمبلی قائم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ تجویز کے مطابق اسلام آباد کی اپنی اسمبلی، چیف ایگزیکٹو اور 27 انتظامی محکمے ہوں گے۔

دستاویز میں اسمبلی کی 21 نشستیں براہِ راست عوام کے ووٹ سے منتخب کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ قومی اسمبلی کے ہر حلقے سے اسلام آباد اسمبلی کی 7 نشستیں رکھنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔

مجوزہ ڈھانچے میں خواتین کے لیے 5 جبکہ اقلیتوں کے لیے ایک نشست مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس سے متعلق یہ تجاویز سامنے آنے کے بعد ملک میں انتظامی ڈھانچے کی ممکنہ بڑی تبدیلی پر سیاسی اور عوامی حلقوں میں بحث مزید تیز ہوگئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button