یومِ دفاع و شہداء پر جی ایچ کیو میں پروقار تقریب، وطن کے عظیم سپوتوں کو سلام

راولپنڈی (جانو ڈاٹ پی کے) یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں وطن عزیز کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے عظیم شہداء کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
تقریب کے دوران پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور وطن کے لیے جان قربان کرنے والے شہداء کو شاندار انداز میں سلامی پیش کی۔
ایڈجوٹنٹ جنرل پاکستان آرمی نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور شہداء کی لازوال قربانیوں کے اعتراف میں پھولوں کی چادر چڑھائی۔
اس موقع پر ایڈجوٹنٹ جنرل نے شہداء کے اہلِ خانہ سے خصوصی ملاقات بھی کی اور ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین کے مسائل توجہ سے سنے اور پاک فوج کی جانب سے ان کے مسائل کے حل اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
تقریب میں شہداء کی قربانیوں، حب الوطنی اور وطن کے دفاع کے عزم کو اجاگر کیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے لیے شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
تقریب کا اختتام ملک و قوم کی سلامتی، استحکام، ترقی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔



