ملکی دفاع، خودمختاری، سالمیت اور قومی دفاع کیلیے مکمل تیار ہیں، مسلح افواج کا 6 ستمبر پر پیغام

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے)چھ ستمبر یوم دفاع پاکستان کے موقع پر مسلح افواج نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک کی خودمختاری، جغرافیائی سالمیت اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا اور پاکستان کی مسلح افواج نے 61ویں یوم دفاع و شہداء کے موقع پر پاکستان کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے میں مسلح افواج نے غازیوں اور شہداء کے اہلخانہ کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ 6 ستمبر قومی اتحاد، بہادری اور غیر متزلزل عزم کی ایک لازوال علامت ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 6 ستمبراس بات کی یاد دلاتا ہے کہ 1965 کی جنگ کے دوران پاکستانی قوم نے مادر وطن کے دفاع کے لیے متحد ہو کر دشمن کا مقابلہ کیا۔ پاکستان کے شہداء عزت، فرض شناسی اور قربانی کے اعلیٰ ترین اصولوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ میدان جنگ، فضاؤں اور سمندروں میں پاکستان کے محافظوں کی نسلوں نے قوم کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ شہداء کی لازوال قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہیں جبکہ شہداء کے اہلخانہ صبر، استقامت اور حوصلے کی روشن مثال ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج نے اپنے غازیوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہادری، ثابت قدمی اور اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیت کے ساتھ ملک کی سرحدوں کی حفاظت جاری رکھے ہوئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج ملک کی خودمختاری، جغرافیائی سالمیت اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں جبکہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کا خواہاں ہے اور ذمہ دارانہ طرز عمل اور پُرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے تاہم امن کے اس عزم کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، 61ویں یوم دفاع و شہداء کے موقع پر پاکستان کی مسلح افواج نے وطن اور عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل وابستگی کے عزم کی تجدید کی گئی۔
مسلح افواج نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں، غازیوں کا جذبہ اور شہداء کے خاندانوں کی استقامت ہمیشہ قومی طاقت اور فخر کا سرچشمہ رہیں گے جبکہ قوم کے ساتھ متحد ہو کر اپنی مقدس ذمہ داریاں عزت، پیشہ ورانہ مہارت اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔



