سلمان خان کے ہاتھ میں موجود فیروزی بریسلٹ کا راز کیا ہے؟ دلچسپ کہانی سامنے آگئی

ممئی (ویب ڈیسک) بولی وڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کے ہاتھ میں موجود فیروزی پتھر والا بریسلٹ ہمیشہ مداحوں اور لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا رہتا ہے۔ فلمی تقریبات ہوں، ٹی وی شوز کی میزبانی یا عام زندگی کی کوئی تقریب، یہ بریسلٹ اکثر سلمان خان کے ہاتھ کی زینت دکھائی دیتا ہے۔
سلمان خان کے مطابق اس بریسلٹ کی خاص اہمیت ان کے والد سلیم خان سے جڑی ہوئی ہے۔ ایک پرانے انٹرویو میں اداکار نے بتایا تھا کہ ان کے والد بھی اسی طرز کا بریسلٹ پہنا کرتے تھے۔
سلمان خان نے بتایا تھا کہ بچپن میں وہ اپنے والد کے بریسلٹ سے کھیلا کرتے تھے، جس کی وجہ سے یہ چیز ان کے ذہن میں ایک خاص یاد کے طور پر محفوظ ہوگئی۔ بعد ازاں جب انہوں نے فلمی دنیا میں قدم رکھا تو ان کے والد نے انہیں بھی ایسا ہی بریسلٹ تحفے میں دیا۔
وقت گزرنے کے ساتھ یہ بریسلٹ سلمان خان کی شخصیت اور اسٹائل کا مستقل حصہ بن گیا۔
فیروزی پتھر کے حوالے سے سلمان خان کا کہنا تھا کہ وہ اسے خاص اہمیت کا حامل سمجھتے ہیں اور ان کے خیال میں یہ پتھر منفی چیزوں کو اپنے اندر جذب کر لیتا ہے۔ اداکار کے مطابق جب کوئی منفی اثر ان کی طرف آتا ہے تو پہلے پتھر اسے جذب کرتا ہے اور دباؤ بڑھنے کی صورت میں یہ ٹوٹ بھی سکتا ہے۔
سلمان خان نے یہ بھی بتایا تھا کہ ان کے بریسلٹ میں موجود کئی فیروزی پتھر مبینہ طور پر منفی اثرات جذب کرنے کے باعث چٹخ چکے ہیں اور موجودہ بریسلٹ کا پتھر ان کا ساتواں پتھر ہے۔
اداکار نے فیروزی اور عقیق کو ان پتھروں میں شمار کیا تھا جنہیں روایتی طور پر خاص اہمیت دی جاتی ہے، جبکہ ان کے لیے اس بریسلٹ کی اہمیت صرف پتھر یا زیور تک محدود نہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 2023 میں سلمان خان کے چاندی کے اس بریسلٹ کی قیمت تقریباً 80 ہزار بھارتی روپے بتائی گئی تھی، جبکہ پتھر اور کاریگری کے معیار کے حساب سے اس کی قیمت ایک لاکھ بھارتی روپے تک پہنچنے کا ذکر بھی سامنے آیا۔
تاہم سلمان خان کے لیے اس بریسلٹ کی اصل قدر اس کی مالی قیمت سے کہیں بڑھ کر ہے۔ یہ ان کے والد کی محبت، بچپن کی یادوں اور جذباتی وابستگی کی ایسی نشانی ہے جو برسوں سے ان کے ساتھ ہے۔



