لاہور ہائیکورٹ کی سیکیورٹی میں غفلت پر30 پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) لاہور ہائیکورٹ میں سیکیورٹی ڈیوٹی کے دوران غفلت اور لاپرواہی برتنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
ایس پی سیکیورٹی لاہور ہائیکورٹ سید محمود الحسن نے فرائض میں غفلت کے مرتکب 30 پولیس اہلکاروں کو مختلف نوعیت کی محکمانہ سزائیں سنا دیں۔
ذرائع کے مطابق محکمانہ کارروائی کی زد میں آنے والے اہلکاروں میں سب انسپکٹر شان علی، کانسٹیبل حسیب احمد، سعید احمد، رابیل اور شاہد سمیت دیگر اہلکار شامل ہیں، جبکہ لیڈی کانسٹیبل شمع طاہر کو بھی محکمانہ سزا دی گئی ہے۔
پولیس اہلکاروں کو جرمانے، سروس ضابطگی، سنشور اور دیگر محکمانہ سزائیں دی گئی ہیں۔
اس سے قبل ایس پی سیکیورٹی سید محمود الحسن نے لاہور ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ رجسٹری کے سیکیورٹی انتظامات کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کی حاضری، ڈیوٹی اور مجموعی سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
دورانِ معائنہ ڈیوٹی سے غیر حاضر اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کا حکم بھی دیا گیا۔ ایس پی سیکیورٹی نے واضح کیا کہ ڈیوٹی کے دوران موبائل فون استعمال کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
سید محمود الحسن نے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ سیکیورٹی ڈیوٹی کے دوران مکمل طور پر الرٹ رہیں، اپنی ذمہ داریاں ذمہ داری سے ادا کریں اور سیکیورٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔
ایس پی سیکیورٹی کا کہنا تھا کہ ڈیوٹی میں غفلت اور لاپرواہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ کوتاہی برتنے والے اہلکاروں کے خلاف بلاامتیاز محکمانہ کارروائی جاری رہے گی۔



