مکہ دفاعی اتحاد میں توسیع کی تیاریاں، کئی ممالک کی شمولیت میں دلچسپی، خواجہ آصف کا بڑا انکشاف

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وزیر دفاع خواجہ آصف نے بڑا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ ممالک نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے میں شامل ہونے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، تاہم نئے ممبران کی شمولیت سے متعلق حتمی فیصلہ اتحاد کی قیادت کرے گی۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے بتایا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے سے متعلق کمیٹی کے پہلے اجلاس میں دفاعی اتحاد کو مزید وسعت دینے کے معاملے پر بھی تفصیلی مشاورت کی گئی۔
وزیر دفاع کے مطابق اجلاس میں نئے ممالک یا ممبران کو مکہ معاہدے میں شامل کرنے کے طریقۂ کار پر بھی غور کیا گیا۔ اس بات پر بھی مشاورت ہوئی کہ نئے ممبران کے لیے اتحاد کے دروازے کب اور کتنی مدت کے بعد کھولے جائیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ نئے ممالک کی شمولیت کا باقاعدہ پروسیجر آئندہ ملاقات میں سامنے آنے کا امکان ہے، جبکہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے سے متعلق اگلا اجلاس اکتوبر کے آغاز میں ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ آئندہ اجلاس کہاں منعقد ہوگا، اس کا فیصلہ باہمی مشاورت سے کیا جائے گا۔ ان کے مطابق ضرورت پڑنے پر مکہ دفاعی اتحاد کا سربراہی اجلاس بھی طلب کیا جاسکتا ہے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ حالیہ اجلاس میں اتحاد کے تنظیمی ڈھانچے، عہدیداروں اور سیکرٹریٹ سے متعلق بھی مشاورت ہوئی۔ سیکرٹری جنرل اور اس کے ماتحت انتظامی ڈھانچے اور دفاتر کے قیام کے امور پر بھی بات چیت کی گئی۔
پاکستان سے سیکرٹری جنرل کی تعیناتی سے متعلق سوال پر خواجہ آصف نے کہا کہ انہیں اس بارے میں علم نہیں کہ پاکستان سے سیکرٹری جنرل کون ہوگا۔
نئے ممالک کی ممکنہ شمولیت اور تنظیمی ڈھانچے پر جاری مشاورت کے باعث مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ خطے میں دفاعی تعاون کے ایک وسیع تر پلیٹ فارم کی شکل اختیار کرتا دکھائی دے رہا ہے۔



