انڈونیشیا میں افتتاح کے فوراً بعد پل کا ایک حصہ منہدم، تقریب میں بھگدڑ مچ گئی


انڈونیشیا(ویب ڈیسک) مغربی جاوا کے صوبے میں ایک نئے تعمیر شدہ معلق پل کی افتتاحی تقریب کے دوران اچانک پل کا ایک حصہ نیچے جھک گیا، جس سے تقریب میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ افتتاحی تقریب کے بعد حکام اور شہری پل سے گزر رہے تھے کہ اچانک پل کا ڈھانچہ ایک جانب جھک گیا اور متعدد افراد اپنا توازن برقرار رکھنے کے لیے ریلنگ سے لٹک گئے، جبکہ کچھ افراد نیچے جاگرے۔
واقعے میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی تاہم بعض افراد کو معمولی چوٹیں آئیں۔ حکام کے مطابق تقریب کے دوران تقریباً 50 افراد ایک ساتھ پل پر موجود تھے، جس سے پل کی مقررہ گنجائش سے زیادہ وزن پڑنے کے باعث معلق پل کی ایک سپورٹ کیبل الگ ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
حادثے کے بعد پل کو عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے جبکہ حکام نے پل کی ساخت اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔