12 سال سے ایک جن میرے ساتھ موجود ہے،سینئر اداکار محسن گیلانی کا حیران کن دعویٰ

کراچی (ویب ڈیسک) سینئر اداکار سید محسن گیلانی نے ایک ڈیجیٹل پوڈکاسٹ میں اپنی زندگی اور روحانی معاملات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے حیران کن دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ 12 سال سے ایک جن ان کے ساتھ موجود ہے۔
محسن گیلانی نے دعویٰ کیا کہ اگر جنات کی بات کی جائے تو وہ ’’جنات کے بادشاہ‘‘ ہیں اور اس وقت بھی ایک جن ان کے ساتھ موجود ہے۔ اداکار کا کہنا تھا کہ وہ یہ بات مذاق میں نہیں کہہ رہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے خاندان میں جنات کی موجودگی کا سلسلہ آباؤ اجداد سے چلا آرہا ہے۔ ان کے مطابق ان کے ساتھ موجود جن کا نام ’’مسٹر نجیب‘‘ ہے، جو ان کے والد کے انتقال کے بعد گزشتہ 12 سال سے ان کے ساتھ ہے۔
سینئر اداکار نے کہا کہ معاشرے میں جنات کے بارے میں پائی جانے والی بہت سی باتیں درست نہیں، جنات انسانوں کو نقصان نہیں پہنچاتے بلکہ بعض اوقات صرف اپنی موجودگی کا احساس دلاتے ہیں۔
گفتگو کے دوران محسن گیلانی نے سورۃ الرحمٰن اور سورۃ الفاتحہ کی تلاوت کی اہمیت پر بھی بات کی اور مداحوں کو سورۃ الرحمٰن ترجمے کے ساتھ پڑھنے اور سننے کا مشورہ دیا، جسے انہوں نے شفا کا ذریعہ قرار دیا۔



