بھارتی ریپر بادشاہ اور اہلیہ ایشا ریکھی میں مبینہ علیحدگی، جذباتی پوسٹس ڈیلیٹ کردی گئیں

ممبئی (ویب ڈیسک) بھارتی ریپر اور گلوکار بادشاہ کی اہلیہ ایشا ریکھی نے مبینہ علیحدگی کے بعد اپنے رشتے سے متعلق ایک جذباتی پیغام سوشل میڈیا پر شیئر کیا، تاہم بعد ازاں یہ پوسٹ انسٹاگرام سے ڈیلیٹ کردی گئی۔
رپورٹس کے مطابق 33 سالہ اداکارہ ایشا ریکھی اور 40 سالہ بادشاہ نے مبینہ طور پر ایک دوسرے سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں کے درمیان بڑھتی دوریوں کا اندازہ اس وقت ہوا جب انہوں نے انسٹاگرام پر ایک دوسرے کو فالو کرنا چھوڑ دیا، جبکہ ایشا نے بادشاہ سے متعلق متعدد پوسٹس بھی ہٹا دیں۔
ایشا نے جولائی میں ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے اپنے ذاتی حالات کے بارے میں مبہم مگر جذباتی انداز میں اظہار خیال کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ تنازعات ایسے ہوتے ہیں جن کے ظاہری زخم نظر نہیں آتے۔
انہوں نے لکھا تھا کہ وہ طویل عرصے تک خاموش رہیں کیونکہ انہیں خوف محسوس ہوتا تھا اور وہ اپنے شوہر کے اثر و رسوخ، طاقت اور وسائل کے سامنے خود کو بے بس سمجھتی تھیں۔ ایشا کے مطابق انہوں نے خود کو یہ باور کرا لیا تھا کہ خاموش رہنا ہی محفوظ راستہ ہے، تاہم ان کی خاموشی رضامندی نہیں بلکہ حالات سے نمٹنے کا ایک طریقہ تھی۔
ایشا نے یہ بھی اشارہ دیا تھا کہ شاید وہ ابھی اپنی پوری کہانی بیان کرنے کیلئے تیار نہیں، تاہم وہ یہ تاثر نہیں دینا چاہتیں کہ سب کچھ ٹھیک تھا۔ یہ پوسٹ اب ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر موجود نہیں ہے۔
ایک اور پوسٹ میں ایشا نے اپنی اور بادشاہ کی تصاویر و ویڈیوز پر مشتمل کولاج شیئر کیا تھا، جس میں شادی کی تصاویر اور دونوں کے خوشگوار لمحات شامل تھے۔ ایک تصویر میں ایشا جذباتی دکھائی دے رہی تھیں جبکہ بادشاہ انہیں گلے لگائے ہوئے تھے۔
اس پوسٹ کے ساتھ ایشا نے لکھا تھا: "ہر طوفان ایک سبق ہے، ہر دعا اُمید ہے”، جبکہ کیپشن میں ہاتھ جوڑنے اور ٹوٹے ہوئے دل کے ایموجیز بھی شامل کیے گئے تھے۔
ایشا کی جانب سے پوسٹس ڈیلیٹ کیے جانے اور دونوں کے ایک دوسرے کو انسٹاگرام پر ان فالو کرنے کے بعد ان کی ازدواجی زندگی سے متعلق قیاس آرائیاں مزید بڑھ گئی ہیں۔ تاہم بادشاہ یا ایشا کی جانب سے مبینہ علیحدگی کی وجوہات پر تاحال کوئی تفصیلی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔



