پی ٹی آئی لانگ مارچ سے خیبرپختونخوا کے عوام مشکلات میں ہیں،کیپٹن(ر)صفدر

ایبٹ آباد (جانو ڈاٹ پی کے) کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سیاسی جماعت ہے، اس کے اندرونی معاملات پر بات نہیں کرتا، تاہم پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے باعث خیبرپختونخوا کے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کی وجہ سے بچوں کو اسکول جانے اور مریضوں کو ہسپتال پہنچنے میں دشواری پیش آ رہی ہے۔ (Daily Jang)
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا کہ مذاکرات کا سلسلہ کسی صورت بند نہیں ہونا چاہیے، تاہم غیر مشروط مذاکرات نہیں ہوتے، ہمیشہ ’’کچھ لو اور کچھ دو‘‘ کی بنیاد پر بات آگے بڑھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں کو رہا کیا جانا چاہیے اور بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں بھی ہونی چاہئیں، جبکہ ان کی رہائی کا فیصلہ عدالتوں کے ذریعے ہونا چاہیے۔
کیپٹن (ر) محمد صفدر نے خیبرپختونخوا میں دہشت گردی اور بدامنی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں فوجی آپریشن انتہائی ناگزیر ہے۔
کیپٹن (ر) محمد صفدر نے مزید کہا کہ صوبہ ہزارہ کا مطالبہ پرانا ہے اور اس کے لیے بڑی قربانیاں دی گئی ہیں، لہٰذا ہزارہ کو فی الفور صوبہ بنایا جائے۔



