کیف پر روسی فضائی حملے، 12 افراد ہلاک، متعدد زخمی، پیٹریاٹ میزائلوں کی شدید کمی

کیف(مانیٹرنگ ڈیسک) یوکرین کے دارالحکومت کیف اور گردونواح پر روسی فضائی حملوں میں کم از کم 12 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
یوکرینی حکام کے مطابق کیف پر یہ مسلسل چھٹے روز شدید فضائی حملے ہیں۔ روسی فوج نے رات بھر ڈرونز اور بیلسٹک میزائلوں سے کیف کے رہائشی علاقوں اور ریلوے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا۔
حکام کا کہنا ہے کہ کیف میں 8 افراد ہلاک ہوئے، جن میں زیادہ تر ریلوے کے کارکن شامل ہیں۔ دارالحکومت کے باہر بورسپِل میں رہائشی عمارت سمیت مختلف مقامات پر حملوں کے نتیجے میں مزید 4 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک بھارتی شہری بھی شامل ہے۔
دن کے وقت ہونے والے ایک اور ڈرون حملے میں اپارٹمنٹ عمارت میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوئے۔
یوکرینی حکام کے مطابق روس نے گزشتہ ہفتے سے نئی حکمت عملی اپناتے ہوئے دن اور رات ڈرونز کے بڑے جتھے بھیجنا شروع کردیئے ہیں۔ ان میں نئے جیٹ انجن سے چلنے والے تیز رفتار ڈرونز بھی شامل ہیں، جنہیں روکنا زیادہ مشکل قرار دیا جا رہا ہے۔
یوکرینی فضائیہ کے مطابق صرف اگست میں روس نے یوکرین پر 2,800 سے زائد جیٹ پاورڈ ڈرونز استعمال کیے، جبکہ جولائی میں ان ڈرونز کا استعمال جون کے مقابلے میں پانچ گنا بڑھ گیا تھا۔
دوسری جانب کیف کو امریکی ساختہ پیٹریاٹ میزائلوں کی شدید کمی کا سامنا ہے، جو روسی بیلسٹک میزائلوں کو روکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔



