لاہور سمیت پنجاب میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ، رات بھر آنکھ مچولی سے شہری پریشان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور سمیت پنجاب بھر میں غیر اعلانیہ اور جبری لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ لیسکو ریجن کے مختلف علاقوں میں رات بھر بجلی کی آنکھ مچولی نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔
ذرائع کے مطابق لیسکو ریجن میں شام ہوتے ہی بدترین لوڈشیڈنگ شروع ہوجاتی ہے۔ ایک طرف بجلی کی بندش جاری ہے تو دوسری جانب تکنیکی خرابیوں نے صارفین کی پریشانی مزید بڑھا دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایل این جی کی عدم دستیابی کے باعث بجلی کی پیداوار میں کمی ہوئی ہے، جبکہ کم پیداوار اور لیسکو کا خستہ حال ڈسٹری بیوشن سسٹم لوڈشیڈنگ کی اہم وجوہات میں شامل ہیں۔
رات بھر بجلی کی بار بار بندش کے باعث شہریوں کی نیندیں متاثر ہوئیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں 30 منٹ سے ایک گھنٹے تک وقفے وقفے سے جبری لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، جبکہ دیہی اور سرحدی علاقوں میں ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کے مطابق ہائی لاسز فیڈرز پر 2 سے 6 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ بجلی بحال ہونے کے بعد بھی شہریوں کو ٹرانسفارمرز کے جمپر اترنے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
گنجان آباد علاقوں میں تکنیکی خرابیوں اور ٹرانسفارمرز خراب ہونے کی شکایات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، جس کے باعث شہری کئی کئی گھنٹے بجلی سے محروم رہتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق دن کے اوقات میں سولر سسٹمز کے باعث لیسکو کی بجلی کی طلب 3500 سے 3700 میگاواٹ تک رہتی ہے، تاہم رات کو سولر سسٹمز بند ہونے کے بعد طلب بڑھ کر 5200 میگاواٹ تک پہنچ جاتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طلب میں اچانک اضافے، بجلی کی پیداوار میں کمی اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کی تکنیکی خامیوں کے باعث لوڈشیڈنگ اور بجلی کی فراہمی میں تعطل کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔



