کراچی میں جرائم بے قابو، کھارادر میں کپڑے کی دکان لوٹ لی گئی، شاہ لطیف ٹاؤن میں 16 سالہ نوجوان جاں بحق


کراچی(جانوڈاٹ پی کے) کھارادر کے علاقے میں کپڑے کی دکان میں ڈکیتی کی واردات کے دوران 3 مسلح ڈاکو لاکھوں روپے مالیت کا کپڑا لوٹ کر فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق تین ڈاکو کپڑے کی دکان میں داخل ہوئے اور رقم کی تلاش شروع کردی، تاہم رقم نہ ملنے پر ملزمان دکان سے لاکھوں روپے مالیت کا کپڑا لے کر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے شناخت چھپانے کیلئے ہیلمٹ، کیپ اور ماسک پہن رکھے تھے۔ واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔
دوسری جانب شاہ لطیف ٹاؤن میں موبائل فون چھیننے کیلئے آنے والے ڈاکوؤں سے بچنے کیلئے بھاگنے والا 16 سالہ لڑکا فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔